این اے 123 : ن لیگ امیدوار کامیاب

March 11, 2010  

لاہور: قومی اسمبلی کی ایک، پنجاب اسمبلی کی دو اور بلوچستان اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی الیکشن کے غیر سرکاری نتائج آ گئے ہیں۔ این اے ایک سو تئیس پر مسلم لیگ ن کے پرویز ملک نے پینتالیس ہزار نو سو ترانوے اور تحریک انصاف کے حامد معراج نے نو ہزار چار سو چالیس ووٹ حاصل کئے۔ جھنگ کے حلقہ پی پی بیاسی پر تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کے اعظم چیلہ کامیاب رہے۔ انہوں نے بیالیس ہزار ایک سو پینتالیس اور ان کے مخالف پیپلز پارٹی کے غضنفر جبوانہ نے تیس ہزار چار سو چھتیس ووٹ حاصل کئے۔بہاولنگر کے حلقہ دو سو چوراسی پر مسلم لیگ ضیاء کے امیدوار شاہد انجم پچپن ہزار دو سو بتیس ووٹ لے کر کامیاب رہے، پیپلز پارٹی کے کاشف نوید ستائیس ہزار سات سو پچاس ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی پچیس جعفرآباد کے تمام نوے پولنگ اسٹیشنز پر غیرحتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ناصر جمالی چھبیس ہزار ایک سو انسٹھ ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوگئے۔ آزاد امیدوار عطاء اللہ بلیدی نے نو ہزار پانچ سو تیس ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔