![]() |
نوڈیرو: صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں کم عقل دوستوں کو کہتا ہوں کہ اب وقت نہیں کہ جمہوریت اور ملک کے ساتھ مذاق کیا جائے۔یہ ملک ہے تو ہم سب ہیں، جمہوریت اور ملک کا دشمن مشترک ہے۔ میں دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے پرانی جمہوریت کو مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں۔ نوڈیرو میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیلئے قربانیوں کی بنیاد قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی ۔ ہم سے جمہوریت کیلئے جو قربانی مانگی گئی ہم نے دی۔پاکستان ہماری دھرتی ہے اورپیپلزپارٹی نے ہمیشہ اس کی آواز پر لبیک کہا۔ الیکشن کے دوران اپنے کارکنوں کا غم دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کامیابی تمام سیاسی جماعتوں کی کامیابی ہے، ہم نے بی بی کے خون سے ایک نیا باب رقم کیا ہے۔ آج پیپلزپارٹی اور تمام سیاسی جماعتوں کی وجہ سے آج جمہوریت مستحکم ہے۔ گڑھی خدابخش کا شہید پاکستان کیلئے شہید ہوا ہے، میں آج بھی پاکستان کھپے کا نعرہ لگاتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہاں ہمارے مسائل ہیں ہاں ہمارے ہاں غیر ریاستی عناصر ہیں۔ ہم دہشت گردی سے نمٹنے کا وعدہ کرتے ہیں۔ ہمیں ہماری جنگیں خود لڑنا ہیں، جمہوریت ہی پاکستان اور خطے کے مسائل کا حل ہے۔ محترمہ کی شہادت کی تحقیقات کے حوالے سے اقوام متحدہ کا انتظار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ بی بی کا قاتل کون ہے اور میں انہیں بے نقاب بھی کروں گا،دوست مجھ سے پوچھنے کے بجائے میرا ساتھ دیں۔ ہماری فلاسفی پاکستان کی بقاء ہے۔مجھے پتہ ہے ملکی مسائل کیسے حل ہونگے،دوستوں کی لگائی گئی آگ کو جمہوریت بجھائے گی۔بے نظیر بھٹو چاروں صوبوں کی زنجیر تھیں اور اس زنجیر کو ہم نے تھاما ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات ہی ہمارا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دوستوں کو کہتا ہوں کہ وہ ہمارے جمہوری دوست بھی نہیں ہیں ان کو تو ہم نے روک رکھا ہے۔اس سے قبل نوڈیر و میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی پہلی برسی کے موقع پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی نے تلاوت کلام پاک اور دعا مانگی۔
Shortlink: