کراچی: صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چند سیاسی اداکاروں کے سواء کوئی بھی جمہوریت ختم کرنا نہیں چاہتا، مخالفین کو اصل خوف ایوان صدر میں موجود بھٹو ازم سے ہے۔ کراچی میں مزار قائد کے قریب پیپلز پارٹی کے تینتالیسویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسے سے ایوان صدر سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئی ہے اور مدت پوری کرنا اس کا حق ہے ، جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنا کسی کی خواہش نہیں۔صدر زرداری نے میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ ٹی وی ٹاک شوز کے اینکر کا نام لئے بغیر انہیں سیاسی اداکار قرار دیا اور چیلنج کیا کہ اتنا ہی شوق ہے تو الیکشن لڑیں اور پارلیمنٹ میں آئیں۔ اپوزیشن کی تنقید برداشت کی جائے گی لیکن سیاسی اداکاروں کو سننے کو تیار نہیں۔صدر زرداری نے کہا کہ مخالفین کو اصل خطرہ بھٹو کی فلاسفی سے ہے ، وہ اس سے ڈرتے ہیں کیونکہ بھٹو نے عوام کو طاقت کا سرچشمہ قرار دیا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ، سندھ نے پاکستان بنایا ہے، پیپلز پارٹی نے قائم رکھا اور رکھیں گے۔صدر زرداری نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح جانیں دینے کے لئے تیار ہیں۔ پیپلز پارٹی کسی کی جاگیر نہیں، نئی نسل کے لئے ملک بچانا ہوگا۔
Shortlink: