شیخ رشید کے انتخابی دفتر پر حملہ،4جاں بحق
February 9, 2010
اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے انتخابی دفتر پر فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہوگئے، بھگدڑ سے شیخ رشید کو پاؤں پر معمولی چوٹ آئی۔راولپنڈی کے علاقے خیابان سرسید میں شیخ رشید کے انتخابی دفتر پر مسلح افراد نے اس وقت جدید اسلحہ سے فائرنگ شروع کر دی جب شیخ رشید اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں یہاں آئے ہوئے تھے۔ فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ بھگدڑ کے دوران شیخ رشید کے پاؤں پر معمولی چوٹ آئی۔جاں بحق ہونے والوں میں شہزاد عرف شادا، انوار، جاوید اورایک نامعلوم شخص شامل ہے۔ شیخ رشید احمد کے انتخابی دفتر پر فائرنگ کے بعد ان کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد ڈی ایچ کیو کے باہر جمع ہو گئی۔ ان کے حامیوں نے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے اور ٹائر جلائے جس سے کئی شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی۔ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹراسپتال راولپنڈی کے ایم ایس نے صحافیوں کو بتایا کہ شیخ رشید احمد کو گولی نہیں لگی بلکہ وہ گرنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ادھر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد کے انتخابی دفتر پر فائرنگ کے واقعے کی پر زور مذمت کی ہے۔ صدر نے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔


