پی پی وزرا کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری کی ہدایت

کراچی: صدر آصف زرداری نے پیپلزپارٹی کے وزرا کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری کی ہدایت کر دی۔ امیدواروں کے چناوٴ کیلئے بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ صدر آصف علی زرداری سے وزیر اعلی ہاوٴس کراچی میں پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سندھ کابینہ کے اراکین، پیپلز پارٹی حیدر آباد اور لاڑکانہ کے اراکین نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے حوالے سے صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ بورڈ میں پارٹی اراکین، ٹکٹ ہولڈرز اور قانونی ماہرین شامل ہونگے۔ آئین کے مطابق لوکل گورنمنٹ صوبائی حکومت کے ماتحت تھی لیکن آمر نے آئینی تبدیلیاں کرکے اس میں صدر کی منظوری لازمی قرار دے دی۔صدر نے ممبران اسمبلی پر زور دیا کہ وہ حکومت کی نئی معاشی اصلاحات کے بارے میں مزید بہتر تجاویز سامنے لائیں۔ ادھر صوبائی وزرا اور کور کمیٹی کے اجلاس کے دوران صدر نے ذوالفقار آباد سٹی پراجیکٹ پر آیندہ مہینے بریفنگ کی ہدایت کردی۔ صدارتی ترجمان نے بتایا کہ نیا شہر ذوالفقار آباد کراچی کا حصہ نہیں بلکہ ایک علیحدہ جدید شہر اور ضلع ہوگا۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ نئے شہر میں ملازمت اور اقتصادی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جو مقامی آبادی کو فراہم کیے جائیں گے۔صدر آصف زرداری نے متاثرین بولٹن مارکیٹ میں دو کروڑ سے زائد کے چیک تقسیم کئے اور کہا ہے کہ وہ کراچی کو ایسا مثالی شہر بنانا چاہتے ہیں جس سے آنے والے پرامن زندگی بسرکرسکیں۔ گورنر ہاوٴس کراچی میں تقسیم چیک کی خصوصی تقریب ہوئی۔ چیک کی تقسیم کیلئے چودہ سو پچاس کلیمز میں سے اٹھارہ متاثرین کا انتخاب کیا گیا تھا۔

Shortlink: