آبی تنازعہ: بھارتی وفد آج پاکستان پہنچے گا

February 6, 2010  

آبی تنازعہ: بھارتی وفد آج پاکستان پہنچے گا #1

لاہور: پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی وسائل کے تنازعات پر بات چیت کے لئے بھارتی کمشنر سندھ طاس کی سربراہی میں تین رکنی وفد آج پاکستان پہنچ رہا ہے۔لاہور میں پاکستانی کمشنر سندھ طاس سید جماعت علی شاہ نے بتایا کہ بھارتی کمشنر ارنگا ناتھن اپنے دو مشیروں کے ساتھ چار روزہ دورے کے دوران پاکستان میں دریائے راوی اور ستلج پر واقع بیراجوں بلوکی، سدھنائی،اسلام اور ہیڈ سلیمانکی کا معائنہ کریں گے۔ یہ دونوں دریا معاہدہ سندھ طاس کے تحت بھارت کی ملکیت میں دے دیئے گئے تھے۔پاکستانی کمشنر نے بتایا کہ بھارتی وفد کے دورے کا ایجنڈا صرف مشرقی دریاوٴں کی انسپکشن تک محدود ہے لیکن سائیڈ لائن پر ان سے دریائے جہلم پر تین سو تیس میگاواٹ کے بھارتی منصوبے کشن گنگا اور دیگر متنازعہ امور پر بھی بات چیت کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ جماعت علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اس دورے کے جواب میں مقبوضہ کشمیر میں دریائے سندھ پر بھارتی منصوبوں کی انسپکشن کا مطالبہ دہرائے گا۔ بھارتی وفد دس فروری کو واپس دلی روانہ ہوگا۔