اسلام آباد:رمضان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔ رمضان پیکیج کے تحت تیرہ سو اشیاء کی قیمتوں میں پانچ سے دس فیصد کمی کا اعلان کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نوید قمر نے اسلام آبادمیں نیوز کانفرنس کے دوران رمضان پیکیج کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان پیکیج کیلئے ایک ارب پچھتر کروڑ روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے،یوٹیلیٹی اسٹور پر آٹا پندرہ روپے فی کلو، گھی ایک سو دس روپے کلو، بیسن انسٹھ روپے فی کلو، سفید چنے باسٹھ روپے اور دال چنا سینتالیس روپے فی کلو میں فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان کے دوران یوٹیلیٹی اسٹور ز چھٹی کے دن بھی کھلے رہیں گے۔نوید قمر نے بتایاکہ گوداموں سے یوٹیلیٹی اسٹورز کو گندم کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ رمضان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ڈیزل پر چودہ روپے سبسڈی دے رہی ہے اور جب تک یہ سبسڈی ختم نہیں ہوتی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جاسکتی۔
Shortlink: