سی این جی ایسوسی ایشن کی ملک بھر میں ہڑتال ،صارفین کو مشکلات

سی این جی ایسوسی ایشن کی ملک بھر میں ہڑتال ،صارفین کو مشکلات #1

:یکم جنوری سے گیس کی قیمتوں میں اضافے اورسی این جی گیس لوڈ مینجمنٹ کے خلاف آج دوسرے روز بھی ہڑتال کی جارہی ہے ، ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سی این جی کی فروخت بند ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ملک کے کچھ حصوں میں جزوی ہڑتال جاری ہے۔چیئر مین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ کے مطابق پنجاب اور سرحد میں سی این جی اسٹیشنوں کی مکمل ہڑتال جاری ہے،جبکہ غیاث پراچہ کے مطابق سندھ میں ہڑتال ہونے کے باوجود کچھ سی این جی اسٹیشن مالکان نے صارفین کو مشکلات کے باعث سی این جی اسٹیشنز کھولے ہیں۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ ملک بھر میں گیس کے نرخوں میں مجوزہ اضافے کیخلاف غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال جاری ہے۔ دیگر شہروں کی طرح لاہور میں سی این جی کی فروخت بند ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے، سی این جی ایسوسی ایشن آج لاہورچیمبرسے گورنرہاؤس تک احتجاجی مارچ کرے گی۔آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے اعلان پر لاہور میں دوسرے روز بھی لاہور کے اکثر مقامات پر سی این جی کی فروخت بند ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سی این جی کی عدم دستیابی کے باعث انہیں شدیدپریشانی کا سامنا ہے۔سی این جی ایسوسی ایشن کے ارکان اپنے مطالبات کے حق میں آج لاہورچہمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری سے گورنرہاؤس تک احتجاجی مارچ کریں گے۔دوسری جانب آل پاکستان پٹرولیم اینڈ سی این جی ایسوسی ایشن نے ہڑتال سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے لاہورکے بعض علاقوں میں سی این جی کی فروخت جاری رکھی ہو ئی ہے۔پشاور سمیت سرحد کے بیشتر اضلاع میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔سی این جی ایسوسی ایشن کی کال پر پشاور کے250 اسٹیشنوں سمیت سرحد کے بیشتر سی این جی اسٹیشنز بند کر دیئے گئے ہیں،تاہم پشاور میں تیل کمپنیوں کے چند اسٹیشنز کھلے ہیں جہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ دوسری جانب اسٹیشنز کی بندش سے صارفین شدید مشکلات کا شکار ہیں اور وہ متبادل ایندھن کے طور پر پٹرول کے استعمال پر مجبور ہوئے ہیں، جبکہ لوکل ٹرانسپورٹرز اور رکشہ ٹیکسی ڈرائیوروں نے گیس کی بندش کے باعث کرایوں میں بھی اضافہ کردیاہے ۔سی این جی ایسوسی ایشن نے گیس کی لوڈ شیڈنگ بند کرنے اور قیمتوں میں کمی کے مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے سی این جی بحران پر قابو پانے کیلئے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے ۔

Shortlink: