![]() |
ممبئی: بر صغیر کے نامور گلوکار محمد رفیع کی آج تیسویں برسی منائی جا رہی ہے۔ محمد رفیع چوبیس دسمبر انیس سو چوبیس کو امرتسر کے کوٹلہ سلطان سنگھ گاؤں میں پیدا ہوئے۔ ان کے موسیقی کے شوق کو دیکھتے ہوئے ان کے بڑے بھائی نے استاد وحید خان کی سرپرستی میں انھیں موسیقی کی تعلیم دلوائی۔رفیع نے لاہور ریڈیو پر پنجابی نغموں سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیااورصرف تیرہ برس کی عمر میں اسٹیج پر گلوکاری کے رموز آزمائے جہاں انھیں سننے کے بعد موسیقار شیام سندر نے انھیں ممبئی آنے کی دعوت دی اور یوں رفیع کی لازوال گائیکی کا آغاز ہوا۔ان کی زندگی میں اہم موڑ اس وقت آیا جب موسیقار نوشاد نے انھیں گانے کا موقع دیا۔محمد رفیع کو ہر طرح کے گیت گانے میں مہارت حاصل تھی۔انھوں نے اردو ، ہندی، مراٹھی، بھوج پوری،بنگالی اور گجراتی زبانوں میں بھی گیت گائے۔ رفیع کو ان کے گیتوں پر چھ فلم فیئر ایوارڈز حاصل ہوئے۔حکومت کی جانب سے انھیں پدم شری ایوارڈ دیا گیا۔یہ عظیم گلوکار چھتیس ہزار سے زائد گیتوں کا تحفہ دیکر اکتیس جولائی انیس سو اسی کو اس جہان فانی سے کوچ کرگیا لیکن اپنے لافانی گیتوں کے ساتھ وہ آج بھی ہر دل میں زندہ ہے۔
Shortlink: