شو بز میں اب کشادہ دل لڑکیاں آرہی ہیں، ورعہ
April 30, 2008
معروف اداکارہ ورعہ نے کہا ہے کہ شوبز میں کام کے لیے ٹیلنٹ بنیادی ضرورت ہے۔ میں نے اپنی صلاحیتوں کی بنا پر ہی اداکاری اور ماڈلنگ کو اپنایا ہے۔ ایکٹنگ اور ماڈلنگ دونوں ہی میرے لیے کشش کا سبب ہیں۔ محض پیسہ کمانے کو ترجیح دینے والی آرٹسٹوں کو پذیرائی اور مستحکم مقبولیت نہیں ملتی۔ ورعہ گزشتہ ایک سال سے کمرشلز اور ایکٹنگ میں مصروف ہیں۔ اس دوران انہوں نے دو کیٹ واک بھی کیے۔ ایک سوال کے جواب میں ورعہ نے کہا کہ شوبز میں اب کشادہ ذہن لڑکیاں آرہی ہیں جو دوسرے کی مقبولیت یا کامیابی سے جلن یا حسد نہیں رکھتیں بلکہ خود بھی خوب سے خوب تر کی خواہش اور بہتر پرفارمنس کو اپناتی ہیں۔ لڑائی اور حسدکی روایت تو ہماری فلمی ہیروئنوں کے سبب ہی پروان چڑھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ نجی پروڈکشن میں نامور اسٹارز کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ میں مرکزی رول کے بجائے مستحکم کریکٹر کو پسند کرتی ہوں۔ وارعہ نے بتایا کہ حال ہی میں لاہور میں انہیں بعض فلمسازوں نے بھی اپنی فلم کے لیے آفرز کی ہیں لیکن فی الوقت میں ٹی وی اور ماڈلنگ میں خود کو مستحکم رکھنے کی سعی کر رہی ہوں۔اس لیے فلمیں میرے لیے اہم نہیں ہیں۔ وارعہ نے کہا کہ چینلز میں اضافے سے آرٹسٹوں کے کام کی مقدار میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور معیار بھی بہتر ہوا ہے۔اس طرح نوآموز آرٹسٹوں کیلئے تربیتی ادارے کی ضرورت باقی نہیں رہی۔


