ٹھاکرے نے وضاحت کیلئے بلایا توجاؤنگا، شاہ رخ

February 7, 2010  

ممبئی: بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ اگر بال ٹھاکرے نے وضاحت کیلئے بلایا تو وہ ضرور جائیں گے۔ انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی جس پر معافی مانگیں۔ امریکا سے واپسی پر ممبئی ائرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی جو غلط ہو یا کسی کے لئے خطرناک ہو۔ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔بالی وڈ اسٹار نے کہا کہ کولکتہ نائٹ رائڈر کے پاس صرف ایک سلوٹ دستیاب تھا جس کی وجہ سے وہ پاکستانی کھلاڑی نہیں خرید سکے۔ وہ پاکستان ہی نہیں ہر ملک سے اچھے تعلقات کے حامی ہیں۔آج وہ جو بھی ہیں ممبئی کی بدولت ہیں اور کسی بھی شخص سے زیادہ ممبئی سے محبت کرتے ہیں۔ شیوسینا کی دھمکیوں کے پیش نظر ممبئی ایئرپورٹ پر سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔