کراچی:ممبئی حملوں کا ڈراپ سین ہوچکا ہے لیکن حملوں کے کچھ دیر بعدپاکستان پر کسی ثبوت کے بغیر الزامات کا سلسلہ شروع ہوگیا اورحسب معمول بھارتی میڈیا اور تجزیہ کار بھی پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔ ممبئی میں انسٹھ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے عسکریت پسندوں کے حملوں کے بارے میں نیشنل سیکیورٹی گارڈز کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ آپریشن مکمل ہوچکا ہے ۔ان حملوں میں دوسوکے قریب افراد ہلاک اور تین سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں،تاہم حسب معمول بھارتی میڈیا کی جانب سے حملوں سے کچھ دیر بعد ہی کسی ثبوت کے بغیر پاکستان پر الزامات کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔بھارتی حکومت کی جانب سے کسی ثبوت کے بغیرپاکستان پر حملوں میں ملوث ہونے سے متعلق الزام تراشی کے بعد توبھارتی میڈیا پر پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ تیز کردیا گیا ہے۔بھارت کے مختلف ٹی وی چینلز پر بھارتی اینکرزاور تجزیہ کار کی گفتگو اور تجزیے سے ایسا لگتا ہے کہ وہ ہر صورت ان حملوں میں پاکستان کو ملوث کرنا چاہتے ہیں یا انہیں ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ تیز کردیں۔بھارتی ٹی وی چینل آج تک میں کسی ثبوت کے بغیرپراپیگنڈہ کیا جارہا ہے کہ ممبئی حملوں میں ملوث عسکریت پسندوں نے پاکستان میں تربیت حاصل کی،انہیں آئی ایس آئی اور پاک فوج نے تربیت دی۔آج تک میں ہی جس کشتی میں مبینہ طور پر عسکریت پسندوں کی ممبئی آمد ظاہر کی جارہی ہے اس میں ایک لاش بھی ملنے کی اطلاع دی گئی ہے جس کے مطابق یہ لاش امر سنگھ ٹنڈل کی ہے جس کا تعلق پاکستان سے رہا ہے اور وہ ایک برس پاکستانی جیل میں رہا ہے۔سی این این آئی بی این پر راج دیپ سردیسائی کے شومیں شوبھا ڈے کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ ان کے کیمپس کہاں ہیں۔سی این این انڈیا کے ایک اینکرنے پاکستانی وزیر خارجہ کی پریس بریفنگ کے بعد پروگرام کے آخر میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملوث گروپوں کو کور فراہم کررہا ہے، ایک اور بھارتی چینل انڈیا ٹی وی نے تو کھلے عام ان حملوں کا الزام کسی ثبوت کے بغیر پاکستان پر لگایا اور یہاں تک کہا کہ حملہ آور پاکستان سے آئے تھے۔اسٹار نیوز چینل نے پراپیگنڈہ کرتے ہوئے حملوں کے ماسٹر مائنڈ کے طور پرچاچا رحمان نامی شخص کا نام دیا ور کہا کہ چاچارحمان لشکر طیبہ کا کمانڈر اورمبینہ طور پر کراچی میں رہتاہے۔بھاترتی چینل ٹائمز ناؤ نے بھی اس پراپیگنڈے میں بھرپور حصہ لیا اورڈی جی آئی ایس آئی کو بھارت نہ بھیجنے کے معاملے کو اس کی نزاکت کو سمجھے بغیر اپنے پراپیگنڈے میں استعمال کیا اوردہشتگردی کاالزام پاکستان پر لگایا۔زی نیوز نے بھی پراپیگنڈے کا حصہ بنتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو اس لئے نہیں بھیجا گیا کہ وزیراعظم من موہن سنگھ پاکستان کیخلاف الزامات ان کے حوالے کرنیوالے تھے۔زی ٹی وی نے کسی ثبوت کے بغیر الزام لگائے کہ عسکریت پسندوں کو کراچی سے ہتھیار اور اسلحہ ملا۔زی نیوز نے تو براہ راست پاک بحریہ کو ممبئی حملوں میں ملوث عناصر کی معاونت تک کا الزام لگادیا۔ زی نیوز نے تو حملہ آوروں کو پاکستان میں تربیت دیئے جانے کا بھی پراپیگنڈہ کیا۔بھارتی سیاست دانوں کا مسئلہ توسب معلوم ہے کہ وہ اپنی کمزوریوں کو چھپانے اور اپنی انٹیلی جنس کی خامیوں کا الزام پاکستان پر لگانے کے عادی ہیں تاہم بھارتی میڈیا کو موجودہ صورتحال کی نزاکت کا احساس کرتے ہوئے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا چاہئے تھا جس میں وہ مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔
Shortlink: