جنداللہ سی آئی اے کے پیرول پر تھی، ایران میں ریگی کا اعتراف

جنداللہ سی آئی اے کے پیرول پر تھی، ایران میں ریگی کا اعتراف #1

تہران : ایرانی ٹی وی چینل نے باغی تنظیم جنداللہ کے گرفتار سربراہ عبدالمالک ریگی کا انٹرویو نشر کردیا ہے۔ جس میں اس نے امریکا سے روابط کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنداللہ سی آئی اے کے پیرول پرتھی۔پینٹاگون نے گرفتاری سے پہلے ریگی کے امریکی فوجی اڈے میں قیام کا ایرانی دعویٰ مسترد کردیا ہے۔ایران کے پریس ٹی وی پر نشر ہونے والے انٹرویو میں ریگی کا کہنا تھا کہ اسے امریکی حکام کہتے تھے انہیں فی الحال القاعدہ اور طالبان سے زیادہ ایران سے مسائل درپیش ہیں۔ اس لیے ایران پر مزید دہشت گرد حملے کیے جائیں۔ ریگی کا مزید کہنا تھا کہ امریکیوں نے جنداللہ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ تنظیم کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ اسے ہتھیار، بم اور اڈہ فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ انکے قیدی بھی رہا کرائیں گے۔ ادھر ایرانی وزیرِ انٹیلی جنس حیدر مُصلحی نے دعویٰ کیا ہے کہ عبدالمالک ریگی گرفتاری سے 24گھنٹے پہلے افغانستان کے امریکی فوجی اڈے میں پایا گیا تھا۔ اور امریکیوں نے اسے افغانی پاسپورٹ بھی فراہم کیا تھا۔جبکہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان نے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور ایرانی پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

Shortlink: