دوست ممالک مدد کریں تو آئی ایم ایف کی شرائط سے بچ سکتے ہیں ، وزیراعظم
October 31, 2008
استنبول : وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مالی بحران سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں اور اگر دوست ممالک سے امداد ملی تو آئی ایم ایف کی شرائط سے بچ سکتے ہیں۔استنبول میں غیر ملکی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو میں وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی پیش کردہ شرائط پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ فرینڈز آف پاکستان ہمیں اس بحران سے نکلنے کے لیے پیکیج تیار کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دوست ممالک نے فوری مددکی تو ہمیں شاید آئی ایم ایف کی مدد کی ضرورت نہ رہے۔وزیر اعظم نے اس افواہ کومسترد کردیا کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا کوئی خطرے ہے۔پاکستانی علاقوں پر امریکی فوج کے حملوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قبائلی علاقوں پر امریکی حملے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے نقصان دہ ہیں اوراس سے کوئی مدد نہیں ملے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اپنے ملک پر امریکی فوج کے حملوں سے نا خوش ہیں اور ان حملوں کو ملک کی سالمیت کے خلاف سمجھتے ہیں۔


