دہشتگردپاکستان بھارت کے درمیان کشیدگی پیدا کرنا چاہتے ہیں، سعود الفیصل
December 26, 2008
![]() |
نئی دہلی:ممبئی حملوں کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعودالفیصل پاک بھارت کشیدگی کم کرانے کے لیے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔ شہزادہ سعود الفیصل نے اپنے دورے کے دوران بھارت کے وزیر خارجہ پرناب مکھر جی اور خارجہ امور کے جونیئروزیر ای احمد سے ملاقات کی۔بھارتی ہم منصب پرناب مکھر جی سے ملاقات سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہزادہ سعود الفیصل نے کہا کہ دہشت گرد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں، جس سے خطے کے حالات خراب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے تحت دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے ادارہ بننا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی دنیا کے لیے کینسر ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے عالمی فورس بنانے کی ضرورت ہے۔سعود الفیصل اپنے دورہ بھارت میں باہمی تعلقات کے علاوہ خطے کے معاملات اور بین الاقوامی امور پر بھی بات کرینگے۔ اسی دوران نئی دہلی میں بھارت کے وزیر خارجہ پرناب مکھر جی نے چین کے ہم منصب سے بھی بات کی ہے۔ اس دوران خطے کے معاملات اور امن کے حوالے سے بھی بات کی گئی۔



