عراق:شدید جھڑپوں کے دوران 38 مسلح عراقی ہلاک

امریکی اور عراقی فوج نے بغداد میں شدید جھڑپوں کے دوران 38 مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا جن میں شیعہ مسلح گروپ کے گڑھ والے علاقہ میں فوجی چیک پوائنٹ پر حملہ کرنے والے 22 شیعہ مسلح عراقی بھی شامل ہیں۔ امریکی فوج کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شیعہ مسلح افراد نے ریت کی طوفانی آندھی سے فائدہ اٹھا کر دارالحکومت کے حساس ترین علاقہ گرین زون پر راکٹوں سے حملہ کر دیا تاہم امریکی و عراقی فورسز کی جوابی کارروائیوں کے دوران جھڑپوں میں 38 مسلح جنگجو ہلاک ہو گئے۔ ان میں 22 وہ جنگجو بھی شامل ہیں جنہوں نے فوجیوں کی چیک پوائنٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ واضح رہے کہ گرین زون میں امریکی سفارتخانہ اور عراقی حکومت کے دفاتر ہیں اور اس پورے علاقہ میں انتہائی سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔ عراق کے شیعہ رہنما الصدر کے حامی مسلح افراد کی طرف سے گرین زون پر راکٹ اور لانچرز حملوں کے بعد تمام رہائشیوں کو کھڑکیوں اور دروازوں سے دور کمروں کے اندر رہنے کا انتباہ جاری کیا گیا تھا۔ امریکی فوج نے اپنے بیان میں بغداد کے علاقہ گرین زون کے قریب ہونے والی جھڑپوں میں ہلاک یا زخمی ہونے والے امریکی فوجیوں بارے کچھ نہیں بتایا تاہم کہا کہ 38 مسلح افراد کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

Shortlink: