![]() |
غزہ: فلسطینی کے شہر غزہ میں اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی شد ید بمباری سے اب تک 155فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ اسپتال ذرایع نے200سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے جس میں پیشتر افراد کی حالت تشویش ناک ہے ۔ ہلاک ہونے والوں میں غزہ کے پولیس چیف توفیق جابر بھی شامل ہیں۔دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ فلسطینی شہریوں کی ہلاکت پر متعدد ممالک سے رابطوں میں ہوں۔تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے غزہ میں حماس کے ٹھکانوں پر شدید بمباری اور راکٹ باری کی ہے۔ کارروائی میں اسرائیلی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے حماس تحریک کے کمپاوئنڈ اور دوسری تنصیبات پر بمباری کی ۔حملے میں پولیس ہیڈ کوارٹرز کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں نئے اہلکاروں کی گریجویشن سے متعلق ایک تقریب جاری تھی۔ حملے میں غزہ پولیس چیف توفیق جابر بھی جاں بحق ہوگئے جبکہ اسپتال ذرائع نے مجموعی طو ر پر 155سے زائد ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے 200سے زائد افراد زخمی بھی ہیں جنہیں فوری طبی امداد کیلئے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسرائیلی بمباری سے غزہ میں قیامت صغریٰ کا منظر ہے اور لواحقین اپنے رشتہ داروں کی لاشیں شناخت کرنی کی کوششیں کر رہے ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ فلسطینی شہریوں کی ہلاکت پر متعدد ممالک سے رابطوں میں ہوں۔
Shortlink: