کویت سٹی:کویت میں غیر شادی شدہ خواتین کی تعداد میں کمی کے لیے ایک رکن پارلیمان نے مردوں کو دوسری بیویاں رکھنے کی اجازت دینے اور ان کی مالی مدد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔پارلیمان کے آزاد رکن فیصل الدویسان کا کہنا ہے کہ ان کی تجویز کا مقصد غیر شدہ خواتین کے مسئلہ کو حل کرنا ہے جنہیں ہمارے معاشرے میں مسائل کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ رنڈوے، بیواوں اور مطلقہ مرد و خواتین کی دوسری شادیوں کے لیے حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ اپنے نئے خاندان بسا سکیں۔کویت میں پہلے ہی مردوں کو ایک خاتون شہری سے پہلی مرتبہ شادی کرنے پر”شادی امداد” کے نام پر چار ہزار دینار کی رقم دی جاتی ہے، اس میں سے نصف رقم گرانٹ کی شکل ہوتی ہے اور باقی بغیر سودی قرضہ ہوتی ہے جو آسان اقساط کی صورت میں واپس کرنا ہوتی ہے۔لیکن دویسان نے تجویز کیا ہے کہ حکومت دوسری شادی کرنے والے مردوں کو اضافی امدادی پیکج دے۔ تاہم اس کے لیے ایسے مردوں کو متعدد شرائط کو پورا کرنا ہو گا۔ ایسے دلہا حضرات کو اپنی موجودہ بیویوں سے دوسری شادی کے لیے تحریری اجازت نامہ حاصل کرنا ہو گا یا پھر وہ رنڈوے یا خلع یا طلاق شدہ ہوں۔
Shortlink: