امیرحیدرہوتی بلامقابلہ وزیراعلٰی سرحد منتخب ہوگئے

پشاور:عوامی نیشنل پارٹی کے امیر حیدر خان ہوتی بلامقابلہ وزیر اعلی سرحد منتخب ہوگئے ہیں اور وہ منگل کو گورنر ہاؤس پشاور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔ نمائندے کے مطابق قائد ایوان کے انتخاب کے لئے سرحد اسمبلی کا اجلاس سپیکر کرامت اللہ خان کی صدارت میں ہوا۔ اسپیکر نے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے ایک بجے دوپہر تک کا وقت دیا اور اجلاس منگل کی صبح نو بجے تک ملتوی کردیا۔ اسپیکر کی طرف سے دئے گئے وقت کے دوران امیر حیدر ہوتی کے علاوہ کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے ۔ امیر حیدر ہوتی منگل کو گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر اویس احمد غنی سے اپنے عہدے کا حلف لیں گے ۔ جبکہ تئیس رکنی صوبائی کابینہ دو اپریل کو حلف اٹھائے گی۔ امیر حیدر ہوتی نے کاغذات نامزدگی درست قرار دئے جانے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بلامقابلہ انتخاب پر ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے مشاورت سے کئے جائیں گے ۔

Shortlink: