![]() |
جہلم: جہلم سے چار روز قبل اغوا کئے جانے والے پانچ سالہ برطانوی نژاد بچے ساحل نقاش کو بازیاب نہ کرایا جاسکا۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے اغوا کاروں کو بچہ حوالہ کرنے کیلئے اڑالیس گھنٹے کی مہلت دے دی۔ اور کہا ہے کہ اغوا میں گھر کا بھیدی ملوث ہے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے جہلم میں چار سالہ پاکستانی نژاد برطانوی بچے ساحل نقاش کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رحمان ملک نے کہا کہ پولیس اغوا کاروں کے قریب پہنچ چکی ہے۔ تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ ساحل کے اغوا میں گھر کا بھیدی ملوث ہے۔رحمان ملک نے کہا کہ میڈیا ٹیلی فون کال کے نمبر کے بارے میں اندازہ نہ لگائے۔ انہیں یقین ہے کہ مغوی بچہ چند دنوں میں بازیاب ہوجائے گا اور اغوا کار نشان عبرت بن جائیں گے۔ مغوی بچے ساحل نقاش کے والد راجہ نقاش سعید نے کہا کہ انہیں حکومت کی یقین دہانی پر اعتماد ہے۔ ان کا بچہ خیریت سے واپس آجائے گا۔ اس سے پہلے رحمان ملک نے انٹر پول کے سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فونک رابطے میں مغوی بچے کی بازیابی کی کوششوں اور تفتیش پر بات چیت کی۔ ایئی جی پنجاب طارق سلیم ڈوگر نے بچے کے اغوا کی کال وصول نہ کرنے پر ون فائیو پولیس کے چار اہلکاروں اکرم، اللہ دتہ، بابر اور کامران کو معطل کردیا۔
Shortlink: