بینظیر انکم سپورٹ پروگرام 65ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں،فرزانہ راجہ

November 30, 2008  

اسلام آباد:بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چےئرپرسن فرزانہ راجہ نے کہا ہے کہ پروگرام کے تحت ابھی تک 65ہزار سے زائد درخواستیں وصول کر لی گئی ہیں جن میں سے 17ہزار پر کام کیا جا رہا ہے۔فرزانہ راجہ نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو رقوم کی ادائیگی کیلئے حتمی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بہت جلد ان کو ادائیگی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مستحق لوگوں کے اخراجات بچانے کیلئے انہیں ہر دو مہینے کے بعد 2ہزار روپے ادا کئے جائیں گے۔یہ رقوم نادرا کی طرف سے فہرستیں تیار کرنے کے بعد متعلقہ ڈاکخانوں میں منتقل کی جائیں گی جہاں سے مستحقین انہیں وصول کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مستحق لوگوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مدد دینے کا کام مکمل طور پر شفاف انداز میںکیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک اور دیگر امدادی اداروں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سراہتے ہوئے اس میں مدد دینے کا عندیہ دیا ہے یہ پروگرام محترمہ بے نظیر بھٹو کے اس مشن کے تحت جاری کیا گیا ہے جس کے تحت وہ ملک کے پسماندہ اور غریب عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا چاہتی تھیں تاہم بعد ازاں اس پروگرام کو صحت اور فصلوں کی انشورنس تک توسیع دی جائے گی۔