بے ضابطگیوں کا نوٹس،شوکت عزیز کی قائمہ کمیٹی کے سامنے طلبی

اسلام آباد : سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سماجی بہبود اور خصوصی تعلیم کی ذیلی کمیٹی نے توانا پاکستان پروگرام میں مالی بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز اور سابق وفاقی وزرا کو23 اگست کو طلب کر لیا ہے۔کمیٹی کا اجلاس سینیٹر انور بیگ کی صدارت میں ہوا ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ29 اضلاع میں شروع کیے گئے توانا پاکستان پروگرام کے تحت5 لاکھ30 ہزار طلبہ کو تازہ کھانا اور اودیات کی فراہمی کے لیے پی سی ون نا مکمل تھی۔ وزارت سماجی بہبود اور خصوصی تعلیم کے سابق سیکریٹری علیم محمود نے بتایا کہ بعض علاقوں میں سرے سے اسکول موجود ہی نہیں ،بڑی پیمانے پر بے قاعدگیوں کی بنا پر یہ پروگرام دو مرتبہ روک دیا گیا۔پاکستان بیت المال کے چیئرمین زمردخان نے کمیٹی کو بتایا کہ بیس ماہ کے دوران60 کروڑ روپے میں سے18 کروڑ روپے کھانے اور ادویات پرخرچ کیے گئے جبکہ باقی ماندہ رقم خورد برد کی گئی۔کمیٹی نے مالی بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، سابق وفاقی وزرا اور سیکریٹریوں کو23 اگست کو طلب کرلیا تاکہ وہ کمیٹی کے روبرو پیش ہو کر وضاحت پیش کر سکیں ۔

Shortlink: