جناح اسپتال بم دھماکا:متحدہ کے ناظم سمیت چھ کارکنان شہید، 8 زخمی

February 6, 2010  

کراچی: جناح اسپتال کے باہر بم دھماکے میں شدیدزخمی ہونے والے ایم کیوایم کے یوسی ناظم محمدخلیل اورلائنزایریاسیکٹرکے تین کارکنان غلام مرتضیٰ ،جمیل احمد اور راشد ولد عبدالستار بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہیدہوگئے اس طرح جناح اسپتال کے باہردھماکے میں شہیدہونے والے ایم کیوایم کے کارکنوں کی تعدادچھ ہوگئی۔ دوکارکنان خرم حکیم شہید اور شفیع الدین پہلے ہی شہیدہوچکے ہیں ۔محمدخلیل شہیدصدرٹاوٴن کی یوسی نمبر10کلفٹن کے یوسی ناظم تھے اوریوسی ناظم کی حیثیت سے علاقے میں سرگرم تھے۔اس کے علاوہ دیگر پانچ شہیدکارکنوں کاتعلق لائنزایریاسیکٹرکے یونٹ وارڈنمبر4سے ہے ۔ ایم کیوایم کے یہ کارکنان ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی اپیل پر نرسری پر عزاداروں کی بس پر ہونے والے دھماکے کے زخمیوں کیلئے خون کے عطیات دینے اورسانحہ کے متاثرین کی امداد کیلئے جناح اسپتال پہنچے تھے ۔جناح اسپتال کے باہردھماکے میں زخمی ہونیوالوں میں ایم کیوایم لائنز ایریاوارڈ4 کے یونٹ انچارج محمدیامین، علاوٴالدین، محمدقاسم، ابرار، منے ، عابد، اقلیتی برادری کے کارکن رامو اورخدمت خلق فاوٴنڈیشن کے ایمبولینس ڈرائیور محمدشاداب شامل ہیں ۔دریں اثناء ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے جناح اسپتال کے باہربم دھماکے میں حق پرست یوسی ناظم محمدخلیل سمیت ایم کیوایم کے چھ کارکنوں اور کئی عزاداروں کی شہادت اورکئی کارکنوں کے شدید زخمی ہونے پردلی صدمہ اور گہرے رنج وغم کااظہارکیاہے۔اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے صدرٹاوٴن کے حق پرست یوسی ناظم محمدخلیل شہید، ایم کیوایم لائنرایریاسیکٹرکے کارکنان خرم حکیم شہید ، شفیع الدین شہید،غلام مرتضیٰ شہید ،راشد شہید اورجمیل احمدشہیداوردھماکے میں زخمی ہونیوالے کارکنوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کیاہے۔ اور کہاکہ میں اپنے ان شہیدوں کو دل کی گہرائیوں سے لاکھوں سلام پیش کرتاہوں اوراللہ تعالیٰ سے دعاکرتاہوں کہ وہ شہید کارکنوں سمیت تمام شہیدعزاداروں کو جنت الفردوس میں جگہ دے ، انہیں شہادت کادرجہ عطاکرے اورلواحقین کو صبر جمیل عطاکرے۔