اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے پچھلے دو سال کے دوران بجلی کی قیمتوں میں انیس بار اضافہ کیا۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت کے موجودہ طرز عمل سے نظام، پارلیمنٹ یا جمہوریت نہیں چل سکتی۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی راجا پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کو تحریری طور پر بتایا کہ گزشتہ دو سال کے دوران بجلی کے نرخوں میں مجموعی طور پر انیس بار اضافہ کرنا پڑا۔ نیپرا کی جانب سے نئی تعین کے باعث دو مرتبہ بجلی کے نرخ بڑھائے گئے۔قیمت خریداری کے ضمن میں ایک بار بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا جبکہ لاگت ایندھن میں ردوبدل کی وجہ سے بجلی کی قیمت میں سولہ بار اضافہ کیا گیا۔ راجا پرویز اشرف نے بتایا کہ بجلی کی طلب و رسد میں فرق موجود ہے اور لوڈ شیڈنگ کو کم سے کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے نکتہ اعتراض پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دوہرے معیار کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ایک طرف ن لیگ کے امیدوار کے مدمقابل امیدوار کھڑا نہ کرنے کا اعلان کیا گیا تو دوسری طرف مخالف امیدوار کی حمایت کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو جمہوری انداز میں چلانا ہے تو حمایت کریں گے اگر پارلیمنٹ کو بلڈوز کرکے قانون سازی کی گئی تو پھر ہمارا رد عمل بھی اسی طرح ہوگا۔ چوہدری نثار علی نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا۔
Shortlink: