پشاور:درہ آدم خیل کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن آج چھٹے روز بھی جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سرچ آپریشن کے دوران تین مشتبہ افراد کو گرفتار اور ایک گھر سے پچاس کلو گرام دھماکہ خیز مواد اور شدت پسندوں کے زیر استعمال ایک گاڑی برآمد کر لی گئی ہے ۔علاقہ اخور وال میں سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کو امداد فراہم کرنے والے ایک شخص کا گھر بارود سے اڑا دیا ۔تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔سیکیورٹی فورسز نے درہ آدم خیل سے گزرنے والی انڈس ہائی وے پر تباہ شدہ پلوں کی مرمت اور متبادل راستوں کی تیاری کا سلسلہ تیزی سے شروع کردیا ۔سرکاری ذرائع کے مطابق پشاور اور کوہاٹ کے درمیان ٹریفک کی بحالی کے لئے عید سے پہلے پرانا کوتل روڈ جلدہی کھول دیا جائے گا تاہم حفاظتی اقدامات کے باعث کوہاٹ ٹنل کھولنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
Shortlink: