![]() |
راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دھاندلی جیت گئی اور راولپنڈی ہار گیا، پنجاب حکومت کے آگے الیکشن کمیشن بے بس ہے۔ لال حویلی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن میں کوئی اعتراض داخل نہیں کریں گے۔ وہ ہار کر بھی جیت گئے اور مخالفین جیت کر شرمندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی کے پروگرام بھی ان کے انتخابات پر اثر انداز ہوئے تاہم میڈیا سے پھر بھی شکوہ نہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے انہیں محبت میں نہیں بلکہ ن لیگ کے رویے کے ردعمل میں ووٹ دیا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک بار پرویز مشرف کے ساتھ گئے لیکن شریف برادران کی پیدائش ہی آمریت کی گود میں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بے وفائی کا طعنہ نہ دیا جائے ، محل میں جانے والے بے وفا ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف سولو فلائیٹ کے قائل ہیں۔ تمام لیگیوں کا اتحاد نواز شریف کے ہوتے ہوئے ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا عبداللہ بھی شہید ہوئے تھے لیکن لال مسجد سانحہ کو ایشو بنا لیا گیا ہے۔
Shortlink: