سرحد اسمبلی میں حیدر ہوتی قائد ایوان اور بشیر بلور پارلیمانی لیڈر نامزد

پشاور:عوامی نیشنل پارٹی نے متفقہ طور پر امیر حیدر خان ہوتی کو قائد ایوان اور بشیر بلور کو باضابطہ طور پر پارلیمانی لیڈر نامزد کر دیا ہے۔اس بات کا اعلان اے این پی کے صوبائی صدر افراسیاب خٹک نے پشور میں باچا خان مرکز میں ہونے والے پارٹی کے پارلیمانی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے بتایا کہ صوبہ سرحد کا نام تبدیل کرنے پر اتحادیوں سے معاملات طے پا گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں پارٹی کے سینئرراہنماؤں کی قائدانہ صلاحیتوں کا بھر پور فائدہ اٹھاؤں گا۔افراسیاب خٹک نے اس امید کا اظہار کیا کہ امیرا خان ہوتی کی قیادت میں صوبہ سرحد ترقی کی منازل طے کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر مستقبل کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔انہوں نے کہاک ہاے این پی امن و امان کی صورتحال پر خصوصی توجہ دے گی۔اے این پی کے صوبائی صدر نے دعویٰ کیا کہ انہیں سرحد اسمبلی کے 45ارکان کی حمایت حاصل ہے۔اس موقع پر نامزد ہونے والے قائدایوان امیرخان ہوتی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اے این پی کا شکر گذار ہوں کہ انہوں نے مجھے قائد ایوان نامزد کیا ہے۔امیر خان ہوتی نے کہا کہ حکومت بننے کے بعد میری کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مسائل کا ادراک ہے اور پارٹی قیادت کے مشورے سے ان کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

Shortlink: