شہداد کوٹ:گاجی کھاوڑ بندمیں شگاف

شہداد کوٹ:گاجی کھاوڑ بندمیں شگاف #1

ٹھٹھہ: شہداد کوٹ کے قریب گاجی کھاوڑ شہر میں حفاظتی بند میں دو مقامات پر شگاف پڑ گئے۔ خواتین، بچوں اور بزرگوں کو محفوظ مقام پر منتقلی کی ہدایت کردی گئی۔پاکستان آرمی کے انجینئرز اور جوانوں نے ٹھٹھہ کے قریب فقیر جو گوٹھ بند میں پڑنے والا شگاف بھردیا، ٹھٹھہ شہر میں سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ،شہری اپنی مدد آپ کے تحت گھروں کو لوٹ رہے ہیں تاہم سجاول کو خطرہ بڑھ گیا ہے۔ بدین اور جاتی جانے والی شاہراہیں زیر آب آگئیں۔ دادو کے نوے سے زیادہ دیہات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔کور کمانڈر کراچی نے فقیر جو گوٹھ بند کا دورہ کیا اور شگاف بھرنے کے کام کا جائزہ لیا۔ عوام نے پاک فوج کی تعریف کی اور کہا کہ محکمہ آب پاشی اور سول انتظامیہ نے ان کی کوئی مدد نہیں کی۔سجاول کی طرف آنے والے ریلے کا لیول بڑھ گیا ہے، تحصیل جاتی کے زیر آب آنے کے خطرے کے پیش نظر ستر فی صد علاقہ خالی کرالیا گیا۔ چوہڑ جمالی ڈوبنے کا بھی خدشہ ہے۔ کوٹ عالمو بند میں شگاف سے نکلنے والا ریلا جاتی روڈ پر شوگر مل تک پہنچ گیا۔سجاول بدین اور سجاول جاتی شاہراہ زیر آب آنے سے جاتی کا رابطہ دیگر علاقوں سے منقطع ہوگیا۔ سجاول میں اب بھی ہزاروں افراد پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ جنہیں نکالنے کے لیے فوج اور رینجرز کا آپریشن جاری ہے۔ بندوں کو ٹوٹنے سے بچانے کے لئے رینجرز اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں۔کوٹری بیراج پر پانی کی سطح کم ہورہی ہے پانی کی آمد آٹھ لاکھ اڑتالیس ہزار اور اخراج آٹھ لاکھ سینتیس ہزار کیوسک ہوگئی ہے۔دریائے سندھ میں سیلاب نے دادو میں بھی تباہی مچائی ہے۔ شہداد کوٹ سے آنے والا آبی ریلا تحصیل میہڑ، خیرپور ناتھن شاہ اور جوہی میں داخل ہوگیا۔ جس سے ان شہروں کے نوے سے زیادہ دیہات پانی میں ڈوب گئے۔ اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔ ایم این وی ڈرین میں سات مقامات پر شگاف کے باعث شہداد کوٹ سے آنے والے سیلاب نے تحصیل میہڑ کے ستر، تحصیل کے این شاہ کے پچاس اور تحصیل جوہی کے پینتیس سے زائد دیہات کو متاثر کیا۔سیلاب کے باعث کئی دیہاتوں کے راستے بھی منقطع ہوچکے ہیں۔ غوزو، ماڈو بک برڑا سمیت دیگر پکے کے علاقے بھی زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔جیکب آباد، شہداد کوٹ اور دیگر علاقوں میں تباہی کا باعث بننے والے ٹوڑی بند کا شگاف پر کرنے کیلئے کام جاری ہے۔ جیکب آباد کے سیکڑوں دیہات ابھی تک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اٹھارہ روز سے راستے بند ہونے کے باعث خوراک کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔لوگ چوری کے خوف سے اپنے گھر چھوڑنے کو تیار نہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت کھانا پکا رہے ہیں۔ جیکب آباد میں امداد نہ ملنے پر متاثرین نے ڈی سی او چوک پر احتجاج کیا اور ٹائر جلائے۔ ریحان نبی شیخ کی سربراہی میں وطن فاؤنڈیشن نے متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کیں۔

Shortlink: