شہید بینظیرکے مشن کیلئے قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،عاصمہ عالمگیر

February 6, 2010  

پشاور : پاکستان پیپلز پارٹی سرحد خواتین ونگ کی صدر اور رکن قومی اسمبلی عاصمہ عالمگیر نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ وہ پیپلز پارٹی خواتین ونگ سرحد کی صدر نامزد کئے جانے کے بعد پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر سید ظاہر علی شاہ اور صوبائی جنرل سیکریٹری وفاقی وزیر سیفران نجم الدین خان بھی موجود تھے۔ عاصمہ عالمگیر نے کہا کہ پاکستان پارٹی کی قیادت نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی کوشش کریں گی ۔ انکا کہنا تھا کہ خواتین ونگ کی صوبائی صدارت کے عہدے کو چیلنج کے طور پر لیا جائے گا اور شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو پورا کرنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ جب کہ خواتین کو وہ تمام بنیادی حقوق دلائے جائیں گے جن کا شہید بھٹو نے وعدہ کیا تھا ۔