عافیہ کی رہائی، نواز کا امریکی سفیر سے احتجاج

February 9, 2010  

عافیہ کی رہائی، نواز کا امریکی سفیر سے احتجاج #1

لاہور: امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن نے لاہور میں نواز شریف سے ملاقات کی، مسلم لیگ ن کے قائد نے اس موقع پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم میں اس حوالے سے شدید اضطراب پایا جا رہا ہے۔ ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں ہونے والی ملاقات میں مسلم لیگ ن کے قائد نے امریکی سفیر پر زور دیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس میں عالمی قوانین اور اصولوں کی پاسداری کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اس معاملے میں سخت مضطرب ہے اور امریکا عوامی جذبات کو پیش نظر رکھتے ہوئے انصاف پر مبنی اقدامات کرے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور امریکی سفیر کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔این ڈبلیو پیٹرسن نے اس موقع پر پاکستان اور بھارت میں مذاکراتی عمل کی بحالی کو خوش آئند قراردیا۔ اس سے پہلے ایک اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے نواز شریف کو ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نئے شہر بسانے کے علاوہ کچی آبادیوں کی حالت بہتر بنانے کی بھی ضرورت ہے۔نواز شریف نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری انتہا پر ہیں جسکی وجہ پٹرول کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ اور بجلی کی نامناسب لوڈشیڈنگ ہے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ شہباز شریف، سردار ذولفقار کھوسہ، سرتاج عزیز، سردار مہتاب خان ،چوہدری نثارعلی خان ،خواجہ آصف ،احسن اقبال اور پرویز رشید نے بھی شرکت کی۔