اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدوارں کے ناموں کا حتمی اعلان کل کردیا جائے گا۔ اسلام آباد میں برطانوی ریڈیو سے بات چیت کرتے ہوئے کمیشن کے سیکرٹری کنوردلشاد کہاکہ کہ جس روز حتمی نتائج کا اعلان ہوگا اس کے تین دن کے اندر آزاد امیدواروں کو اپنی پسند کی پارٹی میں شمولیت کرنا ہوگی اوران کی شمولیت کے بعد جس جماعت کی عددی اعتبار سے جو بھی پوزیشن بنے گی اسی بنا پر اس جماعت کو خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں الاٹ کی جائیں گی۔ قومی اسمبلی میں خواتین کی ساٹھ اور اقلیتوں کی دس مخصوص نشستیں ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی میں خواتین کی چھیاسٹھ اور اقلیتوں کی آٹھ نشستیں ہیں۔ سندھ اسمبلی میں خواتین کی انتیس اور اقلیتوں کی نو نشستیں۔ سرحد اسمبلی میں خواتین کی گیارہ اور اقلیتوں کی تین اور بلوچستان اسمبلی میں خواتین کی بائیس اور اقلیتوں کی تین نشستیں ہیں۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ پانچ مارچ کو مخصوص نشستوں کا اعلان کر کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کو بھجوا دیا جائے گا جس کے بعد حکومت حلف برداری کے لیے تاریح کا اعلان کرے گی۔
Shortlink: