لاہور: بیوی سمیت 4 افراد قتل کر کے نوجوان کی خودکشی

February 26, 2010  

لاہور: بیوی سمیت 4 افراد قتل کر کے نوجوان کی خودکشی #1

لاہور: لاہور میں پسند کی شادی کرنے والے نوجوان نے رخصتی نہ کرنے پر بیوی، ساس اور سالے سمیت چار افراد کو قتل کر کے خودکشی کرلی۔پولیس کے مطابق ملت پارک کے علاقے اسلام آباد کالونی کے رہائشی بائیس سالہ نوجوان عرفان انیس نے ایک ماہ پہلے محلے دار لڑکی زینت کے ساتھ لو میرج کی۔پندرہ روز پہلے پنچائیت کے فیصلے کے مطابق عرفان نے رخصتی کی یقین دہانی پر زینت کو اس کے والدین کے گھر بھیج دیا لیکن لڑکی کے اہل خانہ ٹال مٹول کرتے رہے۔ عینی شاہدین کے مطابق عرفان نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے زینت، اس کی والدہ یاسمین، نانی گلزار بی بی اور تین سالہ بچے زین العابدین کو قتل کرنے کے بعد اپنی کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کرلی۔پولیس حکام کے مطابق عرفان نے واردات سے پہلے لڑکی کے والد عبدالرزاق کو فون کرکے بتایا کہ وہ رخصتی نہ کرنے پر اس کے اہل خانہ کو قتل کر رہا ہے۔پولیس نے لاشیں پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے بھیج دی ہیں۔ قتل کی اس واردات کے بعد اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم عرفان کے اہل خانہ گھر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔