لاہور چیمبر: تاجروں کو بھارت سفر نہ کرنیکی ہدایت

لاہور: لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تجارتی وفود بھارت بھجوانے کا سلسلہ معطل کرکے تاجروں کو سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ایل سی سی آئی کے عہدیداروں کا بھارتی ٹاسک فورس برائے نیشنل سیکورٹی اور دہشت گردی کی طرف سے جاری رپورٹ کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا، جس میں کہا گیا کہ بھارتی ٹاسک فورس کی رپورٹ میں پاکستان پر حملہ، پاکستانی زراعت کو تباہ کرنے کیلئے پانی کا ہتھیار استعمال کرنے، پاکستانی درآمدات روکنے اور سفری پابندیاں عائد کرنے کا اعلان پاکستان کی ساکھ خراب کرنے کی ایک سازش ہے۔اجلاس میں کہا گیا کہ یہ ٹاسک فورس بھارتی اسٹبلشمنٹ کا ایک حصہ ہے جس نے انڈین چیمبرز آف کامرس کا نام استعمال کرکے مذموم مقاصد کی تکمیل کی کوشش کی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا تھا کہ تجارتی تعلقات بہتر کرنے کی یقین دہانی کرانے والے بھارتی سفیر کی باتوں پر بھی اب کوئی اعتبار نہیں کرے گا۔ لاہور چیمبر نے مذاکرات بحالی تک تاجروں کو بھارت کا دورہ نہ کرنے پر زور دیا ہے

Shortlink: