ملک مسائل کا شکار ہے اس کو سیاسی ،معاشی استحکام دیں،اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ

کراچی:اسپیکر قومی اسمبلی محترمہ فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ملک مسائل کا شکار ہے ، اس کے لئے ضروری ہے کہ ملک کو سیاسی معاشی استحکام دیں ۔یہ بات انہوں نے کراچی میں پیپلزپارٹی کے رہنما نفیس صدیقی کی رہائشگاہ پر نیوز کانفرنس اور مزار قائد پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فضل کریم کنڈی بھی موجود تھے ۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے ملک کو جمہوریت کے لئے بنایا تھا اور ہمیں ضروری ہے کہ قائد اعظم کے اصول کے تحت ملک میں جمہوریت کو استحکام دیں۔ان کا کہنا تھا کہ ججز اور عدلیہ کی بحالی کی قرار داد قومی اسمبلی میں پیش ہوئی ہے جو متفقہ رائے ہوگی اس کے تحت اپنے فرائض انجام دوں گی۔نفیس صدیقی کی رہائشگاہ پر نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک مسائل کا شکار ہے اس کو نکالنے کے لئے ہمیں مل جل کردار ادا کرنا ہوگا اور ملک میں سیاسی و معاشی مستحکم لانا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ اٹھاون ٹوبی اور نیشنل سیکیورٹی کونسل سمیت کئی ایشوز سے پہلے پارلمنٹ کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ۔پارلیمنٹ کی مضبوطی ضروری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جمہوری عمل کو بار بار پٹری سے اتارا گیا اور اب امید ہے کہ ایسا نہیں ہوگا۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکرفضل کریم کنڈی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پارلیمنٹ میں سب کو موقع فراہم کیا جائے ۔

Shortlink: