ملک کے کئی شہروں میں تیز ہوا کیساتھ بارش
February 9, 2010
لاہور(بیورورپورٹ) لاہور اور گوجرانوالہ سمیت ملک کے کئی شہروں میں تیز ہوار کے ساتھ بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں دوبارہ اضافہ ہوگیا، زرعی ماہرین نے بارشوں کو گندم کی فصل کیلئے انتہائی مفید قرار دیدیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں سوموار کی علی الصبح تیز ہوا کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو سارا دن وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے درجہ حرارت میں کمی ہونے کے ساتھ ساتھ ٹھنڈک میں اضافہ ہوگیا ۔لاہور اور گوجرانوالہ کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی بارشوںاور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، کشمیر، بلوچستان،سرحد اور بالائی پنجاب میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جب کہ صوبہ سندھ میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج منگل کشمیر، بالائی صوبہ سرحد اور بالائی پنجاب میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا، جب کہ آج منگل مری، گلیات،کشمیر ،گلگت بلتستان، ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویڑن کے پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کا امکان ہے۔زرعی ماہرین نے بارش کے حالیہ سلسلے کو گندم کی فصل کے لئے انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے گند م کا پودا صحتمند ہو گا جس سے پیداوار میں اضافہ ہوگا ۔


