موجودہ حکومتی سیٹ اپ سال سے زائد چلتا نظر نہیں آرہا،چٹھہ

اسلام آباد :مسلم لیگ ق کے سینیئر رہنما حامدناصر چٹھہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومتی سیٹ اپ ایک سال سے زائد چلتا نظر نہیں آرہا،پارٹی کو فعال بنانے کے لیے متحرک ہوئے ہیں۔مسلم لیگ ق کے سینیئر رہنماؤں کا اجلاس اسلام آباد میں حامد ناصر چٹھہ کی رہائش گاہ پر ہوا ۔مشاورتی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حامد ناصر چٹھہ نے کہا کہ سینیئر قائدین پر مشتمل کمیٹی ناراض ارکان سے ملاقات کریگی۔انہوں نے امیدظاہرکی کہ فارورڈ بلاک کے ارکان کے تحفظات دور کرکے نوے فیصد ارکان کو واپس لے آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں عہدوں کا کوئی جھگڑا نہیں ،چوہدری برادران دو تین روز میں اسلام آباد آئیں گے تو ان سے ملاقات ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وہ کسی دوسری جماعت کے ایجنٹ نہیں،پارٹی قائدین کے حکم پر ایک پارٹی کے سربراہ سے ملے تھے۔اجلاس میں گوہر ایوب خان ،سلیم سیف اللہ ،اکرم ذکی ،محمد علی درانی ،ہمایوں اختر ،اقبال ڈار ،چوہدری عظیم ،یاقوت جمیل الرحمن،آمنہ سلیم سمیت دیگررہنماؤں نے شرکت کی۔

Shortlink: