![]() |
اسلام آباد: نمل یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر طاہر ملک اور یونیورسٹی رجسٹرار بریگیڈیئر ریٹائرڈ عبید اللہ کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کر گیا،انتظامیہ نے یونیورسٹی کو تیرہ فروری تک بند کر دیا۔نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اسلام آباد کے پروفیسر طاہر ملک پر یونیورسٹی رجسٹرار بریگیڈیئر ریٹائرڈ عبیداللہ کے تشدد کے خلاف یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبا نے کلاسز کا بائیکاٹ کردیا۔ اس موقعے پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے طلبا اور اساتذہ نے حصہ لیا۔مظاہرین نے بازوٴوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور اپنے مطالبات کے حق میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے رجسٹرار کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ واقعے کے خلاف شعبہ اردو کے سربراہ پروفیسر رشید امجد احتجاجا مستعفی ہوگئے جبکہ واقعے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے سربراہ پروفیسر کامران جہانگیر نے کمیٹی میں کام کرنے سے معذوری ظاہر کی ہے۔دریں اثناء نمل فیکلٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر طاہر ملک سے تحریری معافی مانگیں اور رجسٹرار بریگیڈیئر عبیداللہ رانجھا کو فوری برطرف کیا جائے جبکہ وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ رجسٹرار بریگیڈیئر عبیداللہ رانجھا ریٹائرڈ متاثرہ پروفیسر سے معافی مانگ چکے ہیں۔
Shortlink: