وزارت عظمی کیلئے ابھی تک کسی نام کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے،شیری رحمان

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شیری رحمن نے کہا ہے کہ وزارت عظمیٰ کیلئے ابھی تک کسی نام کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔پیپلز پارٹی وفاقی جماعت ہے اور وزیراعظم سندھ کے علاوہ کسی اور صوبے سے بھی بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک پارٹی نے کسی امیدوار کے نام پر اتفاق نہیں کیا ہے اور وزارت عظمیٰ کیلئے امیدوار سندھ کی بجائے کسی اور صوبے سے بھی ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک یا دو روز میں وزارت عظمیٰ اور وزیر اعلیٰ سندھ کیلئے ناموں کا اعلان متوقع ہے۔دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ وزارت عظمیٰ کیلئے یوسف رضا گیلانی،شاہ مخدوم قریشی اور چوہدری احمد مختار کا نام بھی وزیراعظم کیلئے زیر غور ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ آصف زرداری کچھ روز پہلے تک نواز شریف کو وزیراعظم بنانا چاہتے تھے جبکہ اے این پی کے صدر اسفندر یارولی کو بھی وزارت عظمیٰ کی پیشکش کی گئی تاہم انہوں نے یہ کہہ کر پیشکش مسترد کر دی کہ یہ پیپلز پارٹی کا حق ہے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم نے حکومت کی مقتدر شخصیات اور غیر ملکی سفیروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔امین فہیم نے کچھ ملاقاتیں آصف زرداری کو بتا کر اور کچھ ملاقاتیں بغیر اطلاع کے کی ہیں۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے پر غور کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی بلوچستان میں گورنر کی تقرری اپنا حق سمجھتی تھی۔

Shortlink: