![]() |
راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ وعدہ شکن سیاستدان آج عبرت کا نشان بن گئے، راولپنڈی کے عوام نے آج مسلم لیگ ن کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا ہے، آج کا معرکہ تبدیلی کا پیش خیمہ ہے، تبدیلی آ کر رہے گی۔ راولپنڈی میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ این اے پچپن پر مقابلہ شیخ رشید سے نہیں علی بابا چالیس چوروں سے تھا، این اے پچپن پر معرکہ حق اور باطل کا تھا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام نے آج مسلم لیگ ن کو تاریخی فتح سے ہمکنار کرا کے ملک کو پیغام دیا ہے کہ منافقت کی سیاست نہیں چلے گی۔نواز شریف نے کہا کہ وعدہ شکن سیاستدان آج عبرت کا نشان بن گئے، آج کا معرکہ تبدیلی کا پیش خیمہ ہے، تبدیلی آ کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مکاری، ہیرا پھیری اور لوٹ مار کی سیاست اب نہیں چلے گی۔ بیروزگاروں کو روزگار ملے گا اور غریبوں کے گھروں میں روشنی ہو گی۔ اس دوران شہباز شریف نے کہا کہ بائیس امیدواروں میں صرف شیخ رشید صاحب کو ہی نتائج پر اعتراض کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتائج نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں۔
Shortlink: