![]() |
کراچی: سندھ کے وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے چیف جسٹس آف پاکستان سے این آر او کے تحت ختم کئے گئے تمام مقدمات دوبارہ کھولنے کی اپیل کردی اور اتحادی جماعت کے ساڑھے تین ہزار مقدمات میڈیا کے سامنے پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی پریس کانفرنس میں ایک سوال پر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ ہم اب تک مفاہمت کے لئے کڑوی گولی نگلتے رہے لیکن ناکردہ گناہوں کو ہم پر تھوپنے کی کوشش کی گئی اور اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر این آر او کا مسئلہ کھڑا کیا گیا تو ہم بھی مقابلے کے لئے تیار ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کی اتحادی جماعت یہ تاثر دے رہی ہے کہ وہ کرپشن میں ملوث نہیں تو کیا فاروق ستار خیرات بانٹنے کے الزام میں جیل گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ہفتے کے اندر تمام مقدمات میڈیا کے سامنے پیش کردیں گے جو سندھ حکومت اور عدلیہ دونوں کو دھوکہ دے کر دبالئے گئے تھے۔وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ اتحادی جماعت کے الزامات کا جواب دینا جانتے ہیں لیکن بدمزگی نہیں پھیلانا چاہتے ، تمام سیاسی جماعتوں خاص طور پر مسلم لیگ ن کا احترام کرتے ہیں اور ان کے ساتھ تعاون جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
Shortlink: