چیئرمین نیب نے استعفیٰ دیدیا

چیئرمین نیب نے استعفیٰ دیدیا #1

اسلام آباد: چیئرمین نیب نوید احسن نے استعفی پیش کر دیا، وزیراعظم کی نئے چیئرمین کے تقرر تک ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت، نئے چیئرمین کا تقرر وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت اجلاس میں این آر او پر سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عمل درآمد پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ این آر او کے تحت نیب میں رجسٹرڈ ایک سو چھیالیس مقدمات ختم کیے گئے تھے جنہیں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بحال کر دیا گیا تھا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ این آر او کے تحت ختم کیے گئے زیرتفتیش اکیس مقدمات کو بھی کھول دیا گیا ہے۔ اجلاس میں سوئس مقدمات سے متعلق قانونی، آئینی اور عالمی قوانین کا جائزہ لیا گیا۔ سابق اٹارنی جنرل ملک قیوم کے خلاف کارروائی کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک قیوم کے خلاف لیگل بریکٹس اینڈ بار کونسل ایکٹ انیس سو چھہتر کے تحت کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں پاکستان بار کونسل کو خط لکھا گیا ہے۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت وسیع تر قومی مفاد میں عدلیہ اور دیگر اداروں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنا چاہتی ہے۔انہوں نے وزارت قانون کو ہدایت کی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد پر ہونے والی پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے۔

Shortlink: