اسلام آباد:چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ قاضی محمد فاروق نے انتخابی شکایات کے بارے میں مسلم لیگ ق کی جانب سے پیش کی جانے والی شکایات موصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور انہیں مختلف علاقوں سے اپنے امیدواروں کی جانب سے بھیجی جانے والی شکایات سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے مسلم لیگ ق کے صدر کو بتایا کہ الیکشن کمیشن ان شکایات کیلئے مناسب فورم نہیں،متعلقہ ریٹرننگ افسران کے علاوہ انتخابی عزرداریوں کی سماعت کیلئے ٹریبونلز مقرر کیے گئے ہیں جن سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور محمد دلشاد نے بتایا کہ مسلم لیگ ق کے صدر نے مانسہرہ اور بعض دیگر حلقوں کے بارے میں شکایات سے آگاہ کیا تاہم یہ شکایات پہلے ہی ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں اس لئے الیکشن کمیشن ان پر کارروائی نہیں کر سکتا۔
Shortlink: