ڈاکٹر عافیہ کی واپسی، اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب

February 9, 2010  

ڈاکٹر عافیہ کی واپسی، اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب #1

اسلام آباد: وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کے لئے اسلام آباد میں اعلی سطح کا اجلاس طلب کرلیا۔گورنر ہاؤس کراچی میں ڈاکٹر عافیہ کی بہن اور والدہ سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے تمام اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں امریکا میں پاکستانی سفارتخانہ کو بھی ہدایت جاری کردی گئی ہیں اور بہترین وکلاء کی خدمات کیلئے دو ملین ڈالر ادائیگی کی گئی ہے۔وزیراعظم نے ڈاکٹر عافیہ کی واپسی میں تاخیر پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں ڈاکٹر فوزیہ کو بھی واپسی کی کوششوں میں شامل کریں اور ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کی ہر ممکن کوشش کریں۔ اس موقعے پر ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ دس دنوں کے اندر ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے تو وہ سول سوسائٹی کے تعاون سے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دیں گی۔