کراچی: دہشتگردی کے خلاف ہڑتال

February 7, 2010  

کراچی: کراچی دہشت گردی میں تینتیس افراد کی شہادت کے بعد شہر میں سوگ کی فضا طاری ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہے۔پانچ فروری کو نرسری اور جناح اسپتال میں دھماکے کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ، تحریک جعفریہ، شیعہ علما کونسل اور جعفریہ الائنس نے تین روزہ سوگ کی اپیل کی تھی۔ مسلم لیگ اور جماعت اسلامی سمیت مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں نے بھی سوگ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔آل کراچی مارکیٹس الائنس نے شہدائے چہلم کے سوگ میں کاروباری مراکز بند رکھنے اور ٹرانسپورٹ تنظیموں نے ٹرانسپورٹ نہ چلانے کا اعلان کیا۔ بے گناہ افراد کی شہادت کے بعد شہر میں سوگ کی کیفیت ہے، سڑکوں سے ٹریفک غائب اور دکانیں اور کاروباری مراکز بندرہے۔ یوم سوگ کے باعث دفاتر میں حاضری معمول سے کم ہے۔ شہری حکومت کے زیر انتظام تعلیمی ادارے بند رہے۔ سانحے کے سوگ میں اندرون سندھ لاڑکانہ، حیدرآباد، بدین سمیت بعض علاقوں میں بھی کاروباری مراکز بند رہے۔