کراچی : زرداری تشدد کیس،ملزمان کے تیسری بار وارنٹ جاری

کراچی:کراچی کی مقامی عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری پر تشدد کے مقدمے میں تیسری بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ہیں ۔ایڈیشنل ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج کراچی ساؤتھ عرفان حسین صدیقی نے آصف علی زرداری کی جانب سے انہیں تشدد کرکے قتل کرنے کی کوشش کے مقدمے کی سماعت کی۔مقدمے میں نامزد ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے مئی 1999 ء میں دوران حراست آصف علی زرداری پر تشدد کر کے قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔ عدالت میں پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سینیٹر سیف الرحمان،مجیب الرحمان اور فاروق امین کے بیرون ملک ہونے کی وجہ انہیں عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا۔سابق آئی جی سندھ رانا مقبول احمد کی گرفتاری کے لیے پنجاب پولیس سے رابطہ کیا گیا ہے،جب کہ حیدرآباد میں تعینات پولیس افسر نجف مرزا کو چھٹیوں پر ہونے کے باعث گرفتار نہیں کیا جاسکا۔آصف زرداری کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کی عدم گرفتاری پر پولیس کے خلاف کارروائی اور بیرون ملک موجود ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لایا جائے ۔ عدالت نے ملزمان کے تیسری بار وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت 12 جولائی تک ملتوی کر دی ۔ 

Shortlink: