کراچی میں دوسرے دن بھی کشیدگی جاری ،ہلاکتیں17ہوگئیں

کراچی:کراچی میں دوسرے دن بھی کشیدگی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کے واقعات میں 17 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ تشدد کے واقعات پر قابو پانے کیلئے سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں ۔جس کے باوجود سڑک پر ٹریفک معمول سے کم ہے۔ ہفتے کے روز ہنگامہ آرائی کا آغاز موسیٰ کالونی میں کوچ ڈرائیور پر تشدد سے ہوا جس کے بعد بنارس پر مشتعل افراد نے سڑک پر آکر احتجاج کیا ، اس دوران لوگوں کو گاڑیوں سے اتار کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس موقع پر پتھراؤ، لاٹھیوں اور چھریوں کے وار سے چار خواتین سمیت انیس افراد زخمی ہوئے۔بنارس پر ہنگامہ آرائی کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کا سلسلہ پھیل گیا اور نامعلوم افراد نے قصبہ کالونی ،سہراب گوٹھ ،ابوالحسن اصفحانی روڈ ،ناگن چورنگی ،شادمان ٹاؤن اورواٹر پمپ پرہوائی فائرنگ کرکے دکانیں اور کاروبار بند کرادیئے ۔ علی گڑھ کالونی میں میٹرو سنیما کے سامنے نا معلوم ملزمان نے لوگوں پر ادھا دھند فائرنگ کی جس سے تین نوجوان جاں بحق اور خواتین اور بچوں سمیت آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ملیر میں ڈاٹسن پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔اس کے علاوہ فقیر کالونی میں فائرنگ سے ایک اور نارتھ ناظم آباد کے علاقے ڈسلوا ٹاؤن میں بھی ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ ان واقعات کے بعد حالات مزید سنگین ہوگئے اور ہنگاموں نے اورنگی ٹاؤن ، بلدیہ اور سائٹ کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیاجس کے بعد اورنگی ٹاؤن میں مسافرکوچوں کے ڈرائیور اور کنڈیکٹروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔سندھ حکومت نے کر اچی میں شر پسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم جا ری کر دیا ہے تاہم ابھی تک ایسی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے کہ کسی شرپسند کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا ہو۔دوسری جانب شہر میں سٹرکوں پر ٹریفک معمول سے کم ہے ۔جبکہ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں فائرنگ اور ہنگامہ آرائی پرقابو پانے کیلئے سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کردیئے ہیں اور تمام اہم مقامات پر رینجرز اور پولیس کے دستے تعینات کردیئے گئے ہیں ۔

Shortlink: