اقبال قاسم کا استعفیٰ مسترد

February 2, 2010  

اقبال قاسم کا استعفیٰ مسترد #1

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے چیف سلیکٹر اقبال قاسم کا استعفیٰ نامنظور کرتے ہوئے انہیں ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک ذمہ داری نبھانے کی ہدایت کی ہے۔ جبکہ آسٹریلیا میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے چھ رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے چیت کرتے ہوئے اعجاز بٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے چیف سلیکٹر اقبال قاسم کا استعفیٰ قبول نہیں کیا اور انہیں ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کی ہدایت کی ہے۔اعجاز بٹ نے بتایا کہ آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ واش شکست کی وجوہات جاننے کے لئے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کے سربراہ وسیم باری ہوں گے۔ کمیٹی میں وزیر علی کھوجہ، یاور سعید، ہارون رشید، ذاکر خان اور تفضل حسین رضوی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی اور شاہد آفریدی کی بال ٹیمپرنگ سمیت دیگر امور کا جائزہ لے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شکست کے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔اقبال قاسم نے کہا ہے کہ وہ چیئرمین پی سی بی کی جانب سے اعتماد کے اظہار پر ان کے شکر گزار ہیں لیکن وہ دوبارہ ذمہ داری قبول نہیں کریں گے۔