![]() |
نئی دہلی: باورہویں ہاکی ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد اسپین کو شکست دے دی۔نئی دہلی کے دھیان چند اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے اسپین کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ قومی ٹیم نے کھیل کے آغاز سے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور اسپین کے گول پر متعدد حملے کئے۔ قومی ٹیم کے فارورڈ نے کئی یقینی مواقع بھی ضائع کیے۔ کھیل کے انتیس ویں منٹ میں نوجوان اسٹرائیکر عبدالحسیم خان نے بہترین موو بناتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔دوسرے ہاف میں اسپین نے قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کے گول پر متعدد حملے کئے جس تجربہ کار گول کیپر سلمان اکبر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناکام بنایا۔ پینسٹھ ویں منٹ میں اسپین کے الگیری نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔ پاکستان نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور اڑسٹھ ویں منٹ میں عبدالحسیم خان نے سہیل عباس کی ہٹ پر گول کرکے قومی ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلادی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔نوجوان اسٹرئیکر عبدالحسیم خان کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ قومی ٹیم کے کوچ شاہد علی خان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے حکمت عملی کے مطابق کھیل کر کامیابی حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سلمان اکبر اور دفاعی کھلاڑیوں نے فارورڈ کا بہترین ساتھ دیا جو ٹیم کے لئے فائدے مند ثابت ہوا۔
Shortlink: