پی آئی اے نے قومی جونیئر انڈر20 ہاکی چیمپئن شپ جیت لی
August 31, 2008
دفاعی چیمپئین پی آئی اے نے نیشنل بینک کو شکست دے کر قومی جونئیر انڈر ٹونٹی ہاکی چیمپئین شپ جیت لی ہے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جاری چیمپئن شپ کا فائنل دفاعی چیمپئین پی آئی اے اور نیشنل بینک کے درمیان کھیلا گیا، ہاف ٹائم پر میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں دلچسپ مقابلے کے بعد پی آئی اے نے دو کے مقابلے میں چار گول سے کامیابی حاصل کرکے چیمپئین شپ جیتنے کا اعزاز برقرار رکھا۔فاتح ٹیم کپتان کاشف علی نے دو،ظہیر احمد اور شہباز نے ایک ایک جبکہ مدمقابل ٹیم کے توفیق احمد اور عتیق نے ایک ایک گول کیا۔فاتح ٹیم کے کپتان نے فتح کو ٹیم سپرٹ کا نتیجہ قراردیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے چیمپئین شپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایونٹ میں اچھی ہاکی دیکھنے کو ملی، پی ایچ ایف نوجوان کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ میں نکھار لانے کے لئے اقدامات کرے گی۔قومی کھیل ہاکی کو دوبارہ عروج دلانے کے لئے ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد تواتر سے ہونا چاہیے تاکہ گراس روٹ لیول سے ٹیلنٹ کو آگے لا کر مستقبل کی ایک مضبوط ٹیم تشکیل دی جا سکے۔


