![]() |
نئی دہلی: ہاکی ورلڈ کپ کے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے آؤٹ کلاس کردیا۔ جبکہ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف ریکارڈ بارہ گول سے کامیابی حاصل کی۔ نئی دہلی کے دھیان چند اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا۔ انگلینڈ نے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے کھیل کے آغاز سے ہی پاکستان کے گول پر حملے شروع کردئیے اور بیسویں منٹ میں بہترین موو بناتے ہوئے کلارک نے گیند کو جال میں پہنچا کر انگلش ٹیم کو برتری دلادی۔جس کے چند منٹ بعد انگلش فارورڈ جیکسن نے گول کر کے ٹیم کو دو صفر کی برتری دلادی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔دوسرے ہاف میں پاکستان نے قدرے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور یکے بعد دیگرے دو گول کرکے اسکور برابر کردیا۔ انگلینڈ نے کم بیک کرتے ہوئے تین مزید گول داغ کر پاکستان کو شکست دے دی۔ قومی ٹیم کی جانب سے شکیل عباسی اور ریحان بٹ نے گول اسکور کئے۔ اس سے قبل کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو بارہ صفر سے شکست دی۔ ورلڈ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔ آج ہونے والے آخری میچ میں بھارتی ٹیم کو اسپین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
Shortlink: